پرچیاں چلنے تک قومی ٹیم کے حالات ایسے ہی رہیں گے: میانداد
11-24-2023
(ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان لیجنڈری جاوید میانداد نے پی سی بی میں پرچیاں چلنے کا انکشاف کر دیا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان، لیجنڈ جاوید میانداد نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ جب تک پرچیاں چلتی رہیں گی اس وقت تک قومی ٹیم کے حالات ایسے ہی رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ باصلاحیت کھلاڑی بیٹھے رہیں گےاور پرچی والے آگے نظر آئیں گے، قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی پروفیشنل ہیں انہیں پیسہ ملتا ہے اور ان پر لازم ہے کہ وہ گراؤنڈ میں پرفارم کریں۔ ورلڈ کپ میں ناکامی پر جاوید میانداد نے کہا کہ لگتا ہے ہمارے کھلاڑیوں میں صلاحیت نہیں ہے،انہیں پرفارم کرنا چاہیے اور جو پرفارم نہیں کر رہا اسے فارغ کریں جب انہیں ڈر ہوگا کہ ہم نکال دیئے جائیں گے تو وہ پرفارم بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کرکٹ بورڈ میں پرچیاں چل رہی ہیں کوئی پرفارم کرے نہ کرے اسے کھلایا جا رہا ہے، یہاں تک نچلی سطح پر بھی انصاف نہیں ہوتا۔ کرکٹ لیجنڈ نے کہا کہ ایسوسی ایشن فیئر نہیں ہے، چمچوں کو اس کے اُس کے فون پر رکھ لیا جاتا ہے، چاہے کراچی ہو یا لاہور ان کھلاڑیوں کو رکھا جاتا ہے جس کے لیے کہیں سے فون آجائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں مختلف کلبز کی ٹیم ہوتی تھی اور مقابلہ سخت تھا جس کی وجہ سے اچھے کھلاڑی سامنے آتے تھے، ڈیپارٹمنٹ کرکٹ بہت ضروری ہے۔