پنجاب ریونیو اتھارٹی کی کارروائی، نادہندہ ریکروٹمنٹ ایجنٹ کمپنی سربمہر
11-24-2023
(لاہور نیوز) پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) کی جانب سے ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، نادہندہ ریکروٹمنٹ ایجنٹ کمپنی کو سربمہر کر دیا گیا۔
پی آراے ترجمان کے مطابق راولپنڈی میں شمس آباد مری روڈ پر واقع طلال انٹرنیشنل، مین پاور ریکروٹمنٹ ایجنٹ کمپنی تین ملین کی ٹیکس نادہندہ نکلی۔ کمپنی کو ٹیکس کی ادائیگی نہ کرنے پر سربمہر کر دیا گیا۔ پی آر اے کی جانب سے طلال انٹرنیشنل مین پاور ریکروٹمنٹ ایجنٹ کمپنی کو رجسٹر کیا گیا تھا۔ کمپنی رجسٹرڈ ہونے کے بعد متعدد نوٹسز دینے کے باوجود ٹیکس کی ادائیگی سے قاصر رہی۔ ٹیکس کی ادائیگی نہ ہونے پر انفورسمنٹ آفیسر ارسلان طارق کی موجودگی میں طلال انٹرنیشنل کو سیل کیا گیا۔ چیئرمین پی آر اے جاوید بدر اور کمشنر طاہرہ جاوید کی ہدایت پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ پی آراے ترجمان کا کہنا ہے کہ دیگر نادہندہ ریسٹورنٹس، فوڈ پوائنٹس مین پاور ریکروٹمنٹ ایجنٹس کے خلاف بھی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی کی جائے گی۔