لاہور ہائیکورٹ: تدارک سموگ کی درخواستوں پر گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری

11-24-2023

(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے سموگ کے تدارک کیلئے دائر درخواستوں کی گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کردیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے دو صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری کیا۔ عدالت نے تحریری حکم میں کہا ہے کہ محکمہ ماحولیات کے افسران ڈی سیل کی گئی فیکٹریوں کو دوبارہ سیل کریں،  عدالتی حکم تک فیکٹریوں کو دوبارہ ڈی سیل نہ کیا جائے، ایل ڈی اے کی جانب سے رپورٹ جمع کرائی گئی جس میں بتایا گیا کہ سموگ کے حوالے سے کام نہ کرنے والے سٹاف کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ تحریری حکم میں لکھا گیا ہے کہ  ایل ڈی اے کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ نئے مکمل ہونے والے پراجیکٹس کے ساتھ درخت لگائے جارہے ہیں، ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کے اطراف منصوبہ 25 نومبر تک مکمل ہوجائے گا۔ عدالتی حکم میں کمشنر لاہور ڈویژن کی جانب سے سموگ کے حوالے سے کیے گئے اقدامات کی تعریف بھی کی گئی۔