پنجاب حکومت کا سموگ سے چھٹکارے کے لیے مصنوعی بارش برسانے پر غور
11-24-2023
لاہور : (سہیل قیصر)پنجاب حکومت سموگ سے چھٹکارے کے لیے مصنوعی بارش برسانے پر غور کر رہی ہے، بارش برسانے کے لئے بادلوں پر خصوصی کیمیکلز چھڑکائے جاتےہیں۔
سموگ نے تو لاہور میں کچھ یوں قدم جمائے ہیں کہ اِنہیں اُکھاڑنے کےلیے تمام تدابیر رائیگاں جاتی دکھائی دے رہی ہیں، اب مصنوعی بارش برسانےکی ترکیب استعمال کرنے پر غور کیا جارہا ہے جس کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی جاچکی ہے ۔ اُمید ظاہر کی جارہی ہے کہ مصنوعی بارش برسانے سے سموگ کی شدت میں کمی لائی جاسکتی ہے۔ مصنوعی بارش بادلوں پر خصوصی کیمیکلز چھڑک کر برسائی جا تی ہے، محکمہ موسمیات کی طرف سے نشاندہی کی جاتی ہے کہ کن بادلوں پر کیمیکلز چھڑک کرمطلوبہ نتائج حاصل کیے جاسکتےہیں۔ اِس مقصد کے لیے بادلوں پر سوڈیم کلورائیڈ، سلور آئیوڈائیڈ اور دیگر کیمیکلز چھڑکے جاتے ہیں جبکہ اِس مقصد کے لیے خصوصی ہوائی جہازوں کا استعمال کیا جاتاہے۔ صوبائی دارالحکومت کو سموگ سے چھٹکارا دلانے کیلئے ممکنہ طور پر لاہور میں 28 یا 29 نومبر کو یہ تجربہ کیا جاسکتا ہے۔