سمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ: لاہور سمیت پنجاب کے 10 اضلاع کے تعلیمی ادارے بند
11-24-2023
(لاہور نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے دس اضلاع میں سموگ کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر سمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ کر دیا گیا۔
سمارٹ لاک ڈاؤن کے تناظر میں لاہور سمیت پنجاب کے 10 اضلاع میں آج اور کل تعلیمی ادارے بندر ہیں گے،ان اضلاع میں لاہور، ننکانہ صاحب، شیخوپورہ، قصور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ نارووال، حافظ آباد اور منڈی بہاؤالدین شامل ہیں، محکمہ سکول و ہائرایجوکیشن نے چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ آج اور کل مارکیٹیں تین بجے کھلیں گی جبکہ اتوار کو کاروبار مکمل بند ہوگا، لاہور میں مال روڈ پر اتوار کے روز گاڑیوں کا داخلہ بند ہو گا جبکہ صرف سائیکلنگ کی اجازت ہوگی۔ یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کا سموگ سے چھٹکارے کے لیے مصنوعی بارش برسانے پر غور دوسری جانب مارکیٹوں کی بندش سے متعلق حکومتی فیصلے پر تاجروں نے تحفظات کا اظہار کرتےہوئے کہا ہے کہ حکومت مارکیٹوں کے بجائے سرکاری دفاتر،بینکوں کو بند کروائے، مارکیٹیں 3 بجے کھولنے سے تاجربرادری کوبڑا نقصان ہوگا،حکومت جمعہ کو مارکیٹیں 3 بجے کھولنے کے فیصلے پر نظرثانی کرے۔ ادھر لاہور کو سموگ سے نجات نہ مل سکی، صوبائی دارالحکومت فضائی آلودگی کے تناسب سے آج بھی دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے، اوسط ایئرکوالٹی انڈیکس 455 ریکارڈ کیا گیا ہے، کراچی کی فضا بھی آلودہ ہے۔ فضائی آلودگی کے باعث شہری بیماریوں کا شکار ہونے لگے ہیں، طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ سانس کے مریضوں کو خاص احتیاط برتنی چاہیے، ماسک کا استعمال یقینی بنائیں اور غیرضروری سفر سے گریز کریں۔