باغبانپورہ پولیس کی کارروائی،گردوں کے غیر قانونی دھندے میں ملوث ماں بیٹے سمیت گرفتار
11-23-2023
(ویب ڈیسک)باغبانپورہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گردوں کےغیر قانونی دھندے میں ملوث ماں اور بیٹے کو گرفتار کرلیاہے۔
تفصیلات کےمطابق ایس پی کینٹ آپریشنز اویس شفیق نے باغبانپورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملزمہ کی شناخت صفیہ بی بی کے نام سے ہوئی ہے، ملزمان بدنام زمانہ ڈاکٹر فواد کے ساتھ کام کر چکے ہیں، ملزمان پیسوں کا جھانسہ دے کر علاج کے بہانے پرائیویٹ کلینک لے گئے جہاں انہوں نے نعیم نامی شہری کا بھی گردہ نکالا۔ انہوں نے بتایا کہ نعیم نامی شہری کی درخواست پر ملزمان کو گرفتار کیا گیا، ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں بتایا کہ ایک گردہ تین لاکھ روپے میں فروخت کیا جاتا ہے۔ایس پی آپریشنز کے مطابق ملزمان نے پورے پنجاب میں اب تک 24 افراد کے گردے فروخت کرنے کا انکشافات کیا ہے۔