غزہ میں جنگ بندی کیلئے عملی اقدامات کی کوششیں ناگزیر ہیں: شہباز شریف

11-23-2023

(لاہور نیوز) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے مشرق وسطیٰ میں پائیدار اور مستقل امن کے قیام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کیلئے عملی اقدامات کی کوششیں ناگزیر ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ دو ریاستی حل ہی پائیدار امن اور مسئلے کا مستقل حل ہے، پائیدار امن تنازع فلسطین کے منصفانہ حل سے ہی ممکن ہے، 47 دن پوری دنیا پر قیامت بن کر گزرے ہیں، زخمیوں کے علاج، بے گھروں کی رہائش اور امدادی سامان کی فراہمی تیز بنانے پر توجہ دینا ہو گی۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ مظلوم فلسطینیوں کی امداد اور زخمیوں کے علاج کے لئے تمام وسائل بروکار لائے جائیں، یتیم بچوں کی دیکھ بھال کے لئے اجتماعی انتظام وضع کیا جا سکتا ہے، قیامت خیز مناظر احساس رکھنے والا کوئی انسان بھلا نہیں سکتا، جسموں پر لگے زخم بھر جائیں گے، روح اور سوچ پر لگے زخم نہیں بھریں گے۔ مسلم لیگ ن کے صدر نے مزید کہا کہ 1967ء کی سرحدوں اور بیت المقدس دارالحکومت کی حامل آزاد و خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام تک فلسطینیوں کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔