عوام کی خوشحالی کا خواب لے کر آ رہے ہیں : نواز شریف

11-23-2023

(ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ سیاست کیلئے جھوٹ نہیں بولتا، ہم عوام کی خوشحالی کا خواب لے کر پھر آ رہے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے مری میں پارٹی تنظیم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے بھائیوں سے بہت پرانا رشتہ ہے، یہ میرا دوسرا گھر ہے اور میرا یہاں سے رشتہ بہت مضبوط ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے باربار نکالا گیا، جناب ایسے ملک نہیں چلتا، اس طرح تو ایک گھر نہیں چلتا،ملک کیسے چلے گا؟ ہم نے ماضی سے کچھ نہیں سیکھا اس لئے یہ حال ہے، تین مرتبہ وزیراعظم بن چکا ہوں عہدے کا لالچ نہیں، ہمارے بعد کی حکومت نے سب کچھ تباہ کر دیا۔ میاں نواز شریف نے کہا کہ سیاست کیلئے جھوٹ نہیں بولتا ، لوگوں کو دھوکا دے کر ووٹ لوں اور کچھ نہ کروں ، تو مجھ سے بڑا ظالم کوئی نہیں ہو گا، ہمارے دور کے بعد آنیوالی حکومت نے کلچر کو تباہ کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنے دور میں آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا ،امریکا کے پانچ ارب ڈالر کی پیشکش کے باوجود ایٹمی دھماکے کئے، اپنے بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر فارغ کر دیا گیا، ترقی کرتی معیشت تباہ و برباد کر دی گئی اور حسد، بغض ،منافقت کو فروغ دیا گیا۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم ہو گئی تھی، ہم نے دن رات محنت کرکے منصوبے مکمل کئے اور 11 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کی، ملک میں کوئلے کے بڑے ذخائر ہیں، استعمال نہ کئے تو کوئلے کے ذخائر کا کیا فائدہ، ہمارے دور میں پہلی بار کوئلے پر کام شروع ہوا اور ہم نے وہاں سے بجلی پیدا کی، اب بھی اس کوئلے سے ہزاروں لاکھوں میگا واٹ بجلی بن سکتی ہے۔  انہوں نے مزید کہا کہ اس ملک پر تلواروں سے وار کیا گیا، مجھے نکالنے کا سبب یہ تھا کہ اس کو لانا تھا، ہنستے بستے ملک کو ہم نے اپنے ہاتھوں سے اجاڑا ہے، دکھ ہے کہ ہم نے سبق نہیں سیکھا، دعا ہے اللہ قوم کی تقدیر بدل دے۔