آسٹریلیا میں کڑا امتحان، پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں اور کوچز کا اہم اجلاس
11-23-2023
(ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے مشکل دورے سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ سکواڈ کی اسلام آباد میں اہم بیٹھک ہوئی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور کوچنگ سٹاف کے درمیان میٹنگ کی ویڈیو شیئر کی گئی۔ سکواڈ میں موجود تمام کھلاڑیوں نے اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں رپورٹ کیا۔ ٹیم میٹنگ میں ٹیسٹ کپتان شان مسعود، ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہین شاہ آفریدی اور ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سابق کپتان سرفراز احمد اور بابراعظم بھی میٹنگ میں موجود تھے۔ خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے بلے باز شان مسعود کو پی سی بی نے 2 سال تک کیلئے ریڈ بال کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا ہے۔ ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان کیلئے آسٹریلیا سیریز سے قبل اعلان کیا جائے گا۔ قومی ٹیم کے کھلاڑی آج سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ٹریننگ کیمپ کا حصہ بنیں گے۔ سکواڈ میں شامل بلے باز امام الحق اور آل راونڈر فہیم اشرف اپنی شادی کی تقریبات کے باعث کیمپ کا حصہ نہیں بنیں گے۔