پاکستان میں پہلی بار کیڈیورک لیور ٹرانسپلانٹ کی کامیاب سرجری

11-22-2023

(لاہور نیوز) پی کے ایل آئی کی ٹیم نے شاندار کارنامہ سرانجام دے دیا۔ پاکستان میں پہلی بار کیڈیورک لیور ٹرانسپلانٹ کی کامیاب سرجری ہو گئی۔

مردہ خاتون کے عطیہ کردہ جگر کو نارووال کے رہائشی دو بچوں کے باپ میں ٹرانسپلانٹ کر دیا گیا۔ جگر کی پیوندکاری کے بعد مریض عمر خیام کی حالت  بہتر ہو گئی۔ نگران وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے عمر خیام سے خصوصی ملاقات کر کے خیریت دریافت کی۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ ہیپاٹائٹس سی میں مبتلا عمر خیام آخری سٹیج پر تھا۔ اعضا کو اصل حالت میں رکھنے کے لئے خاتون کو مصنوعی سسٹم پر رکھا گیا۔ 34 سالہ مریض عمر خیام نے پی کے ایل آئی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ اس نے کہا پی کے ایل آئی ٹیم کی کاوشوں سے مجھے نئی زندگی ملی ہے۔ عمر خیام کے بھائی کا کہنا تھا کہ بہت کوشش کے باوجود کوئی ڈونر نہ ملا۔ پی کے ایل آئی ٹیم کی محنت اور اللہ کے کرم سے میرے بھائی کو زندگی ملی۔ نگران وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے مزید کہا کہ یہ ایک ایسے انقلاب کی شروعات ہے جس سے اعضا کی چوری کا خاتمہ ہو گا۔