وزیر ٹرانسپورٹ کی بادامی باغ بس سٹینڈ پرسہولیات فراہمی کی ہدایت

11-22-2023

(لاہور نیوز) صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ابراہیم حسن مراد نے بادامی باغ بس سٹینڈ پر بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ابراہیم حسن مراد کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں جنرل بس سٹینڈ بادامی باغ  کی اپ گریڈیشن  بارے جائزہ لیا گیا۔ دوران اجلاس صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے ہدایت کی کہ بادامی باغ بس سٹینڈ پر تمام بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے،  اے ڈی سی آر ، ایڈیشنل سیکرٹری ٹرانسپورٹ، نمائندگان لوکل گورنمنٹ اور ایم سی ایل پر مشتمل کمیٹی بنائی جائے۔ ابراہیم مراد  کا کہنا تھا کہ کمیٹی جلد نیسپاک کے ساتھ میٹنگ کرے تاکہ لانگ ٹرم پلان تشکیل دیا جاسکے، تمام ادارے  حتمی پلان بنائیں جو وزیرا علیٰ پنجاب کو پیش کیا جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگلے ہفتے میں کسی بھی دن ذاتی طور پر بس سٹینڈ کا معائنہ کروں گا، بس سٹینڈ پر صفائی اور انتظار گاہ میں ایسا ماحول ہونا چاہیے کہ  ہر فیملی سکون کے ساتھ بیٹھ سکے۔