دورہ آسٹریلیا: محمد عباس کو موقع نہ دینے کی وجہ سامنے آگئی
11-22-2023
(ویب ڈیسک) دورہ آسٹریلیا کیلئے فاسٹ بولر محمد عباس کو 18 رکنی سکواڈ میں شامل نہ کرنے پر چیف سلیکٹر کا بیان سامنے آگیا۔
چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے فاسٹ بولر محمد عباس پر حسن علی، خرم شہزاد اور میر حمزہ کو ترجیح دینے کے فیصلے کے بارے میں وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ آسٹریلوی کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیم منتخب کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد عباس اچھے بولر ہیں اور انکی کاؤنٹی کرکٹ میں پرفارمنس شاندار رہی ہے جس پر نظر رکھی ہوئی ہے، ہم نے آسٹریلوی کنڈیشنز کو ذہن میں رکھا کیونکہ وہاں بال زیادہ اچھال اور ریورس کرتا ہے اور حسن علی زیادہ کارگر ثابت ہوسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ محمد عباس نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 25 ٹیسٹ میچوں میں 23.02 کی اوسط اور 2.42 کی اکانومی کے ساتھ 90 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ فاسٹ بولر نے سال 2021ء میں آخری ٹیسٹ ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلا تھا۔