تھانہ نشتر کالونی میں پولیس تشدد سے زیر حراست ملزم کی ہلاکت کا مقدمہ درج

11-22-2023

(لاہور نیوز) تھانہ نشتر کالونی میں پولیس کے مبینہ تشدد سے زیر حراست ملزم کی ہلاکت کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق واقعہ کا مقدمہ ہلاک ہونے والے ملزم جاوید اقبال کے بیٹے حمیر جاوید کی مدعیت میں 302 کی دفعات کے تحت تھانہ کوٹ لکھپت میں درج کیا گیا، مقدمہ میں اے ایس آئی ریاض ،غلام مصطفیٰ اور مبارک علی کو نامزد کیا گیا ہے۔ مدعی مقدمہ کا کہنا ہے کہ میرے والد جاوید اقبال کو اغوا کیا گیا ، اغوا کے بعد میرے والد کو تشدد کے بعد قتل کیا گیا، اے ایس آئی ریاض اور دیگر پولیس اہلکار لاش جنرل ہسپتال میں پھینک کر فرار ہو گئے، مجھے انصاف فراہم کیا جائے۔ دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کی میرٹ پر تفتیش ہو گی، اے ایس آئی ریاض گرفتار ہے قانون کے مطابق کارروائی جاری ہے۔ واضح رہے کہ چوری کے الزام پر پولیس نے جاوید اقبال پر تشدد کیا تھا جس پر اسکی موت واقع ہو گئی تھی۔