قومی ٹیم کی سپن باؤلنگ بہتر ہونے میں وقت لگے گا: سعید اجمل

11-22-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سپن باؤلنگ کوچ سعید اجمل نے کہا ہے کہ نوجوان سپنرزکو پالش کرکے قومی ٹیم کا حصہ بنائیں گے۔

نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے باؤلنگ کوچ سعید اجمل کا کہنا تھا کہ جو ذمہ داری ملی ہے پوری لگن سے نبھانے کی کوشش کروں گا اور اپنے تجربے کی بنیاد پرمحنت کروں گا، تاہم بہتری آنے میں کچھ وقت لگے گا۔ سعید اجمل کا کہنا تھا کہ دورہ آسٹریلیا کے لیے ٹیم کا اعلان ہوچکا ہے اور نعمان علی اور ابراراحمد کو ٹیسٹ سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے، دونوں کی پرفارمنس اچھی رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آسٹریلیا میں سپنرز زیادہ کامیاب ثابت نہیں ہوتے۔ یاد رہے کہ منگل کے روز پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کی جانب سے دورہ آسٹریلیا سے قبل قومی ٹیم کے باؤلنگ کوچز کا اعلان کیا گیا ہے اور سابق ٹیسٹ کرکٹر عمر گل کو قومی ٹیم کا فاسٹ باؤلنگ کوچ مقررکیا گیا ہے جبکہ سعید اجمل سپن باؤلنگ کوچ کے فرائض انجام دیں گے۔