جلاؤ گھیراؤ کیس: چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنوں کی عبوری ضمانتوں میں توسیع
11-22-2023
(لاہور نیوز) عدالت نے 9 مئی کے جلاؤ گھیراؤ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنوں عظمیٰ خان اور علیمہ خان کی عبوری ضمانتوں میں 9 دسمبر تک توسیع کر دی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنوں اور اسد عمر سمیت دیگر کی عبوری ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے عبوری ضمانتوں پر سماعت کی۔ عظمیٰ خان اور علیمہ خان عبوری ضمانت ختم ہونے پر لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہوئیں۔ اسد عمر اور زین قریشی عدالت پیش نہیں ہوئے، انہوں نے حاضری معافی کی درخواست دائر کی، عدالت نے دونوں ملزمان کی حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔ تفتیشی افسر نے استدعا کی کہ ملزمان شامل تفتیش نہیں ہو رہے، تفتیش بھی مکمل نہیں ہوئی مہلت دی جائے۔ واضح رہے کہ عدالت نے آج تک عظمیٰ خان اور علیمہ خان کی ضمانت منظور کر رکھی تھی، عدالت نے پولیس سے ملزمان کی تفتیشی رپورٹ بھی طلب کی تھی۔