خدیجہ شاہ کی نظربندی کے خلاف درخواست، ڈپٹی کمشنر کو رپورٹ کیلئے نوٹس جاری

11-21-2023

(لاہور نیوز) پی ٹی آئی رہنما خدیجہ شاہ کی نظربندی کے خلاف درخواست میں لاہور ہائیکورٹ نے ڈپٹی کمشنر کو تفصیلی رپورٹ اور جواب کیلئے نوٹس جاری کر دیا۔

جسٹس علی باقر نجفی نے خدیجہ شاہ کے شوہر جہانزیب امین کی درخواست پر تحریری حکم جاری کیا۔ عدالت نے لکھا کہ درخواست کے مطابق ڈپٹی کمشنر لاہور نے انٹیلی جنس کمیٹی کی رپورٹ پر نظربندی کا حکم دیا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور 22 نومبر کو تفصیلی رپورٹ اور جواب داخل کریں۔ خدیجہ شاہ کے شوہر جہانزیب امین نے مؤقف اختیار کیا کہ خدیجہ شاہ نے بے بنیاد الزامات پر رضاکارانہ گرفتاری دی، خدیجہ شاہ کی ضمانت بھی منظور ہو چکی، عدالت ڈپٹی کمشنر کے نظربندی حکم کو کالعدم قرار دے۔