شہر میں ڈاکو راج، 24 گھنٹوں میں 400 سے زائد وارداتیں رپورٹ
11-21-2023
(لاہور نیوز) شہر میں ڈاکو راج برقرار، لاہور پولیس کے افسران کی کرائم کنٹرول کرنے کی سب تدبیریں بے کار ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس ڈاکوؤں اور لٹیروں کو پکڑنے میں ناکام ہوگئی ،گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبائی دارالحکومت میں مختلف جرائم کی 469 وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔ پولیس کے مطابق چور شہر کے مختلف علاقوں میں20 گھروں سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان لے اڑے ،ڈاکوؤں نے اسلحہ کے زور پر مختلف مقامات سے 40افراد سے لاکھوں روپے کرنسی اور موبائل فونز چھین لیے، جھپٹا مار کارروائیوں میں 48شہری شاہراہ عام پر ہزاروں روپے اور موبائل فونز سے محروم ہو گئے۔ پولیس رپورٹ کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں سے 50موٹرسائیکلیں چوری جبکہ 2 چھین لی گئیں،دو کارچوری،5دیگر وہیکل چوری اور متفرق چوری کی 302وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک روز کے دوران ناجائز اسلحہ کے 33،منشیات کے28مقدمات درج کیے گئے ،آپریشن و انویسٹی گیشن ونگ نے 72اشتہاری اور109عدالتی مفروران کو بھی پکڑ لیا۔