عمرگل اور سعید اجمل پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچز مقرر
11-21-2023
(ویب ڈیسک) پاکستان ٹیم کے سابق رکن عمرگل اور سعید اجمل کو پاکستانی کرکٹ ٹیم کا بالترتیب فاسٹ بولنگ اور سپن بولنگ کوچ مقرر کردیا گیا ہے۔
دونوں کا پہلا اسائنمنٹ آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز اور نیوزی لینڈ میں ٹی ٹوئنٹی سیریز ہوگی۔ عمرگل اس سے قبل افغانستان کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بولنگ کوچ کی ذمہ داری نبھا چکے ہیں، اس کے علاوہ وہ گزشتہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں افغانستان کی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ اور پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولنگ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔ عمرگل نے2003 میں شروع ہونے والے اپنے انٹرنیشنل کیریئر میں47 ٹیسٹ میچوں میں 163وکٹیں ، 130 ون ڈے انٹرنیشنل میں 179وکٹیں اور60 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں85 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ سابق لیفٹ آرم انٹرنیشنل بولر سعید اجمل بھی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے دوروں میں اپنی ذمہ داریاں شروع کریں گے۔ انہوں نے 2008میں اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا اور انٹرنیشنل کیریئر میں 35 ٹیسٹ،113 ون ڈے اور 64 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں مجموعی طور پر447 وکٹیں حاصل کیں، وہ پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے سپن بولنگ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔ عمر گل کا بیان عمرگل نے اپنی تقرری کو اعزاز سمجھتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف کا شکریہ اداکیا اور کہا کہ پاکستانی ٹیم کے ساتھ اپنے سابقہ تجربے کی روشنی میں وہ کوچنگ کی مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے ٹیم کی بولنگ کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کی کوشش کریں گے۔ سعید اجمل کا بیان سعید اجمل نے بھی کہا کہ ذکاء اشرف کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے اس ذمہ داری کے لیے موقع فراہم کیا۔ پاکستانی ٹیم میں سپن بولنگ کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے میں خوشی محسوس کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ میرا کیریئر اور تجربہ ٹیم میں سپن بولنگ کو آگے بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا۔