ڈینگی بے قابو، 24 گھنٹوں میں صوبہ بھر سے مزید124 کیسز رپورٹ
11-21-2023
(لاہور نیوز) لاہور سمیت پنجاب بھر میں ڈینگی پر قابو نہ پایا جا سکا، گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبہ بھر سے مزید 124 نئے مریض سامنے آگئے۔
حکام محکمہ صحت کے مطابق ایک روز کے دوران لاہور میں 64 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، رواں سال پنجاب کے 36 اضلاع میں ڈینگی کے 13ہزار48 جبکہ لاہور میں 5823 کنفرم مریض رپورٹ ہوئے۔ سیکرٹری ہیلتھ پنجاب علی جان خان کا کہنا ہے کہ راولپنڈی میں گزشتہ روز 5،گوجرانوالہ میں 23 اور ملتان میں 9 افراد ڈینگی وائرس کا شکار ہوئے۔ حکام نے مزید کہا ہے کہ ڈینگی سے بچنے کے لئے شہری اپنے ماحول کو صاف اور خشک رکھیں، ڈینگی کی روک تھام کے لئے شہری محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کریں، ڈینگی بخار کے علاج ، معلومات یا شکایات کے لئے محکمہ صحت کی فری ہیلپ لائن 1033 پر رابطہ کریں۔