مہنگائی کی ماری عوام سے بجلی کے بلوں میں اربوں کی اووربلنگ کا سکینڈل منظر عام پر آگیا
11-20-2023
(ویب ڈیسک) ملک میں بجلی صارفین سے اربوں روپے کی اوور بلنگ کے بڑے سکینڈل کا انکشاف ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں اوور بلنگ کے نام پر اپنی نوعیت کا سب سے بڑا اسکینڈل سامنے آ گیا، جس میں پہلے سے مہنگی بجلی کے باوجود صارفین سے اوور بلنگ کے ذریعے اربوں روپے اضافی وصول کیے گئے ہیں۔ اگست میں تقسیم کار کمپنیوں نے بجلی صارفین سے اربوں روپے زائد کے بل وصول کیے۔ نیپرا نے اگست میں اوور بلنگ کے معاملے پر نوٹس اور انکوائری کا فیصلہ کیا تھا۔ نیپرا ذرائع کے مطابق انکوائری رپورٹ میں اگست کے بلوں میں اوور بلنگ ثابت ہوگئی، اربوں روپے کی اوور بلنگ میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں ملوث پائی گئیں۔ تمام تقسیم کارکمپنیوں نے غریب عوام کو اووربلنگ کے ذریعے لو ٹا، لیسکو اور حسیکو ریجن میں سب سے زیادہ اوور بلنگ ہوئی۔ ڈسکوز کی جانب سے پروٹیکٹڈ صارفین سے نان پروٹیکٹڈ والے بل وصول کیے گئے اور اوور بلنگ کے لیے ریڈنگ میں تاخیر کا حربہ استعمال کیا گیا، ریڈنگ میں تاخیر کر کے پروٹیکٹڈ صارفین کو نان پروٹیکٹیڈ میں شامل کیا گیا۔