وفاقی اردو یونیورسٹی کی سینڈیکیٹ کا اجلاس، صدر مملکت کا معاملات بہتر بنانے پر زور

11-20-2023

(ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے زیرصدارت وفاقی اردو یونیورسٹی برائے آرٹس، سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کی سینڈیکیٹ کا 49 واں اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وفاقی وزارت تعلیم کے سیکرٹری، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی اور دیگر سینڈیکیٹ ممبران نے شرکت کی، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ وفاقی اردو یونیورسٹی کے تمام سٹیک ہولڈرز اور سینڈیکیٹ اراکین یونیورسٹی کی نمایاں پوزیشن بحال کرنے کیلئے معاملات بہتر بنانے کیلئے کام کریں۔ صدر مملکت نے کہا کہ افسوس کہ یونیورسٹی کے سینڈیکیٹ اجلاس باقاعدگی سے نہیں ہو پا رہے، عارف علوی نے بروقت فیصلے کرنے کیلئے اہم عہدوں پر تعیناتیوں کی ضرورت پر زور دیا۔ سینڈیکیٹ نے پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق کی بطور قائم مقام وائس چانسلر وفاقی اردو یونیورسٹی تقرری کی منظوری دی، اجلاس میں وفاقی اردو یونیورسٹی کے باقاعدہ وائس چانسلر کی تقرری کیلئے سرچ کمیٹی کی تشکیل پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں وائس چانسلر کی تقرری کا عمل 60 دنوں میں مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا، سینڈیکیٹ نے وفاقی اردو یونیورسٹی آرڈیننس کی شقوں کے پیشِ نظر انجمن ترقیِ اردو پاکستان کے صدر کی بطور سینیٹ رکن خدمات جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔ ایچ ای سی کی فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ میں بے ضابطگیوں کے الزامات کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیٹی بنانے پر اتفاق کیا گیا، اجلاس میں انکوائری کمیٹی کی سفارشات سینڈیکیٹ کو پیش کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔