سمن آباد انڈر پاس سے ملحقہ نئی سروسز بچھانے کے منصوبے پر عمل درآمد نہ ہوا

11-20-2023

(لاہور نیوز) سمن آباد انڈر پاس سے ملحقہ نئی سروسز بچھانے کے منصوبے پر عمل درآمد نہ ہوا۔ فنڈز دیگر مقاصد پر خرچ کر دیئے گئے۔

انڈر پاس کے ساتھ سیوریج کی مرکزی لائن بچھانے کے لیے 33 کروڑ روپے کا بجٹ منظور کیا گیا۔ ایل ڈی اے نے فنڈز سیوریج لائن کے بجائے دیگر مقاصد پر خرچ کر دئیے۔ سمن آباد انڈر پاس کی تزئین و آرائش پر سیوریج کے فنڈز خرچ کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ ماضی میں واسا کی بوسیدہ اور ناکارہ سیوریج لائنیں ٹوٹنے کے واقعات رونما ہو چکے ہیں۔ گلشن راوی مین بلیوارڈ کے نیچے گزرنے والی سیوریج لائن تین بار ٹوٹ چکی ہے۔ واسا نے مٹی اور ریت ڈال کر شگاف بھر دیا۔ گلشن راوی مین بلیوارڈ کے نیچے 48 انچ کی سیوریج لائن گزر رہی ہے۔ سیوریج لائن کو میعاد پوری ہونے کے باوجود تبدیل نہ کیا گیا۔ واسا کی مرکزی سیوریج لائن پر بھی کراؤن فیل ہونے کے واقعات رونما ہو چکے ہیں۔ سیوریج لائن تبدیل نہ ہونے سے انڈر پاس کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر ایل ڈی اے کا کہنا ہے کہ انڈر پاس سے ملحقہ سیوریج اور واٹر سپلائی لائنوں کی تبدیلی کا کام کیا ہے تاہم مرکزی سیوریج لائن کی تبدیلی واسا کرے گا۔