غزہ معاملے پر مسلم حکمرانوں کا کردار میر جعفر اور میرصادق والا ہے:سراج الحق

11-19-2023

(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ غزہ معاملے پر مسلم حکمرانوں کاکردار میر جعفر اور میر صادق والا ہے۔

لاہور میں غزہ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ  لاہور میں جمع لاکھوں لوگوں کا اجتماع دنیا کے لیے پیغام ہے کہ فلسطینی تنہا نہیں ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں، اسرائیل کو سامراجی قوتوں نے مل کر بنایا، فلسطینیوں نے کبھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نہتے فلسطینیوں پر ظلم ڈھا رہا ہے، خانہ کعبہ و مسجد نبویؐ کے بعد بیت المقدس مسلمانوں کے لیے مقدس ترین مقام ہے اسے اسرائیل جیسی باطل شیطانی ریاست کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا، فلسطینیوں نے غلیلوں سے اسرائیلی ٹینکوں کا مقابلہ کیا،  اسرائیل ہسپتالوں اور سکولوں پر بمباری کررہا ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ طوفان اقصیٰ حق و باطل کا معرکہ ہے، اس کے بعد دنیا ظالم اور مظلوم کے درمیان تقسیم ہو چکی ہے، جو مظلوم کے ساتھ ہیں وہی زندہ ہیں، باقیوں کا ضمیر مردہ ہو چکا ہے، غزہ میں برپا قیامت صغریٰ نے پوری دنیا کو بیدار کیا۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ غزہ ایک  چھوٹی سی بستی ہے جس پر بم گرائے جارہے ہیں، بیت المقدس کی آزادی کے لیے غزہ کے لوگ لڑ رہے ہیں،  غزہ کے بچے اپنے والدین سے پوچھ رہے ہیں کہ ہمارے مسلمان بھائی ہماری مدد کو کب آئیں گے؟ مسلمان حکمران اپنے رب کو مظلوموں کی ان صداؤں کا کیا جواب دیں گے؟ انہوں نے کہا کہ او آئی سی کا اجلاس محض مسلمان عوام کے جذبات کو ٹھنڈا کرنے کی ایک کوشش تھی، او آئی سی نے انتہائی بودی قرار داد پیش کی، آج مسلم حکمرانوں کا کردار میر جعفر اور میر صادق کا ہے۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ہمارا دشمن وہ ہے جس نے بیت المقدس پر قبضہ کیا ہوا ہے ،ہمارا دشمن وہ ہے جو انسانیت کا دشمن ہے، آج انڈیا پر بھی خوف طاری ہے کہ اسرائیل کے جدید اسلحے اور ٹیکنالوجی کے باجود اگر غزہ کے عوام کامیاب ہو گئے تو کل کشمیر کے عوام بھی ہمیں شکست فاش دے دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں اٹھنے والا ہر قدم، ہر قلم کا لفظ اور ہر نعرہ جہاد فی سبیل اللہ ہے، نیتن یاہو کیخلاف اسرائیلی لوگ بھی احتجاج کررہے ہیں، فرانس اور لندن کے لوگوں نے بھی فلسطینیوں کے حق میں احتجاج ریکارڈ کروائے، دنیا بھر میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرنیوالوں کو سلام پیش کرتا ہوں، فلسطین میں ہمارے3ہزار700 افراد لاپتہ ہیں، فلسطین کے لوگ اکیلے نہیں ہیں ہم ساتھ تھے اور ساتھ کھڑےہیں، فلسطینی بہن بھائیوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔