گیس سیکٹر کے گردشی قرض کا پہاڑ 2900 ارب روپے سے تجاوز کر گیا

11-19-2023

(دنیا نیوز) گیس سیکٹر کے گردشی قرض کا پہاڑ 2900ارب روپے سے بڑھ گیا ہے، 21 سو ارب کے قرض کے ساتھ 8 سو ارب کا سود بھی گردشی قرضے کا حصہ ہے ۔

ذرائع کے مطابق مختلف نادہندگان نے گیس کمپنیوں کے 12 سو ارب روپے ادا نہیں کیے، بجلی گھروں کے ذمہ گیس کمپنیوں کے 250 ارب روپے واجب الادا ہیں، گیس کمپنیاں ایل این جی کی فروخت کی مد میں یہ رقم وصول کرنے میں ناکام رہی ہیں۔ کے الیکٹرک سپلائی کمپنی اور سٹیل ملز بھی سوئی سدرن کے 160 ارب روپے کے نادہندہ ہیں، کھاد فیکٹریوں نے 150 ارب روپے کی ادائیگیاں نہیں کیں، ریفائنریز نے گیس سیکٹر کے 40 ارب اور آئل سیکٹر نے 27 ارب روپے ادا کرنے ہیں۔ گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے اڑھائی سو ارب سے زائد کے خسارے پر تو قابو پا لیا گیا تاہم گردشی قرضے کو ختم کرنے کیلئے جنوری میں دوبارہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ متوقع ہے۔