کم عمر ڈرائیونگ پر 2251، بغیر لائسنس ڈرائیونگ پر 558 مقدمات درج
11-19-2023
(لاہور نیوز) لاہور ٹریفک پولیس کا کم عمر اور بغیر لائسنس ڈرائیورز کےخلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری ہے، کم عمر ڈرائیونگ پر 6 روز میں 2251 مقدمات درج کرکے سینکڑوں گاڑیاں تھانوں میں بند کر دی گئیں۔
بغیر لائسنس ڈرائیونگ کیخلاف کارروائی کے دوسرے روز 558 ڈرائیورز کےخلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ سب سے زیادہ کارروائی ڈیفنس اور کینٹ کے سیکٹرز میں کی گئی، کم عمر بچوں کو گاڑی، موٹرسائیکل دینے والوں کےخلاف بھی مقدمات درج کروائے گئے۔ چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور کا کہنا ہے کہ شہر میں 30 لائسنس دفاتر، 10 موبائل وینز اور 3 سنٹر 24/7 کھلے رہتے ہیں، چھٹی کے روز بھی شہر کے تمام لائسنس دفاتر معمول کے مطابق کھلے ہیں، والدین 18 سال سے کم عمر بچوں کو ہرگز گاڑی،موٹرسائیکل نہ چلانے دیں۔ سی ٹی او لاہورمستنصر فیروز نے مزید کہا ہے کہ والدین اپنے بچوں کے مستقبل کے خود ذمہ دار ہیں، کریمنل ریکارڈ بننے سے سرکاری نوکری اور ویزہ کے حصول میں مشکلات آسکتی ہیں، اب کم عمر ڈرائیورز کیخلاف ایف آئی آر درج ہو گی، والدین اپنی ذمہ داری نبھائیں اور اپنے کم عمر بچوں کو ڈرائیونگ کی اجازت ہرگز نہ دیں۔