غزہ کے الشفا اسپتال میں نوزائیدہ بچوں کی شہادت،ارمینہ خان آبدیدہ ہوگئیں

11-18-2023

(ویب ڈیسک) غزہ کے الشفا اسپتال میں بجلی اور طبی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے قبل از وقت پیدا ہونے والے درجنوں نوزائیدہ بچوں کی شہادت پر معروف پاکستانی اداکارہ ارمینہ خان آبدیدہ ہوگئیں۔

معروف پاکستانی اداکارہ ارمینہ خان نے انسٹاگرام اکاونٹ پر اپنی ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں وہ غزہ کے الشفااسپتال میں نوزائیدہ بچوں کی شہادت پر روتی دکھائی دے رہی ہیں۔ارمینہ خان نے کہا کہ میں گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے فلسطین میں اسرائیلی درندگی کو دیکھ کر رو رہی ہوں اور اب ان معصوم جانوں کی شہادت نے مجھے اندر سے توڑ دیا ہے۔ اداکارہ نے اپنی ویڈیو کے ساتھ ایک طویل نوٹ بھی لکھا جس میں اُنہوں نے کہا کہ ان معصوم شہادتوں نے میری دُنیا پلٹ کر رکھ دی ہے، میں اپنا غم بیان کرنے سے قاصر ہوں، مجھے یہ ڈراوْنا خواب لگ رہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ میں ہر دن لوگوں کی مدد کرنے کی کوشش کرتی ہوں لیکن اب انسانیت سے میری اُمید بالکل ختم ہوچکی ہے، مجھے سمجھ نہیں آرہا کہ کون فلسطینیوں کی مدد کرے گا۔ ارمینہ خان نے کہا کہ میرا دل دہل جاتا ہے جب میں یہ سوچتی ہوں کہ ان معصوم بچوں کو پیار دینے والا کوئی نہیں ہے،میں بطورِ انسان غزہ کے حالات دیکھ کر ٹوٹ گئی ہوں۔ اداکارہ نے اپنی ویڈیو میں فلسطینی بچوں کے لیے دُعا کرتے ہوئے ہوئے کہا کہ کاش! کوئی معجزہ ہوجائے، کوئی تو ان معصوم بچوں کی مدد کرو، ان پر رحم کرو، یہ معصوم ہیں، انہوں نے کسی کے ساتھ کچھ غلط نہیں کیا۔