ن لیگ کی جیت پاکستان کی معاشی ترقی کے لئے ناگزیر ہے: شہبازشریف

11-18-2023

(لاہور نیوز) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے کہا کہ ن لیگ کی جیت پاکستان کی معاشی ترقی کے لئے ناگزیر ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف سے پارٹی کے سینئر رہنماؤں سابق گورنررفیق رجوانہ، خواجہ سعد رفیق، سردار ایاز صادق، عبدالغفار ڈوگر، خواجہ عمران نذیر اور عطاء اللہ تارڑ نے ملاقاتیں کیں، پارٹی رہنماؤں نے آشیانہ اقبال ریفرنس میں بریت پر شہبازشریف کو مبارک دی اور خوشی کا اظہار کیا۔ پارٹی رہنماؤں نے سیاسی انتقام کے دور کا بہادری اور جرات سے مقابلہ کرنے پر پارٹی صدر کو خراج تحسین پیش کیا، شہبازشریف نے پارٹی رہنماؤں کے جذبات پر شکریہ ادا کیا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا، شہبازشریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے جس نے ایک بار پھر عوام اور قانون کی نظر میں سرخرو کیا۔ ن لیگ کے صدر نے کہا کہ قیادت، کارکنوں نے بڑی جرات وبہادری اور ثابت قدمی دکھائی، قیادت کی بے گناہی پر کارکنوں اور عوام کو یقین تھا، یہ اعتماد سب سے بڑا اثاثہ ہے، پاکستان اور عوام کی خدمت پر ناحق سزا کا سامنا کرنا اعزاز سمجھتا ہوں، ایک دھیلے کا الزام ثابت نہ ہونا عوام کی خدمت کا انعام ہے۔