ڈیفنس کار حادثہ: ملزم افنان 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

11-18-2023

(لاہور نیوز) ڈیفنس میں کار کی ٹکر سے 6 افراد کی موت کے کیس میں لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ملزم افنان کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل نے پولیس کی درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت ملزم افنان کو عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔ ملزم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کم عمر ہے میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے، دہشت گردی کی دفعات مقدمے سے ختم کی جائیں۔ عدالت نے ملزم کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جو آپ باتیں کر رہے ہیں وہ ٹرائل کی ہیں، سچ سب کے سامنے آنا چاہیے۔ پولیس نے بتایا کہ مقدمہ میں دہشت گردی کی دفعات شامل کر لی ہیں۔ ملزم کی عمر کے تعین کیلئے میڈیکل ٹیسٹ کروانا درکار ہے۔ مختلف پہلوؤں پر تفتیش درکار ہے، عدالت جسمانی ریمانڈ دے۔ عدالت نے ملزم کے وکیل کی شکایت پر تفتیشی افسر کو کہا کہ ملزم کو ہراساں نہ کیا جائے ، تفتیش میرٹ پر ہونی چاہئے۔ مدعی رفاقت نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ قانون میں جو سزا ہے ملزم کو وہ سزا دی جائے۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے ملزم افنان کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔