ہمارے پاس ہر حلقے میں ایک سے زائد امیدوار ہے: رانا ثنا اللہ

11-18-2023

(لاہور نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس ہر حلقے میں ایک سے زائد امیدوار ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ن لیگ سادہ اکثریت سے حکومت بنائے گی ۔ اگلے ہفتے نواز شریف کی زیرصدارت پارلیمانی بورڈ کی میٹنگ ہو گی، شیڈول جاری ہوتے ہی انتخابی مہم شروع کر دیں گے، ہمارے پاس ہر حلقے میں ایک سے زائد امیدوار ہے ، ہم نے بھرپور انداز میں الیکشن کمپین کو منظم اور متحرک انداز میں چلانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمپین کے حوالے سے نواز شریف ہر ضلع میں جلسہ کریں گے، ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے، عوام نے اپنے مینڈیٹ سے ہمیں سکت دینی ہے، امید ہے عوام ہمیں مینڈیٹ دے گی، عوام جسے منتخب کریں گے وہی حکومت بنائیں گے۔ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو صرف بمباری کر رہے ہیں حل پیش نہیں کر رہے ، تنقید کا ہم برا نہیں مناتے، جنہوں نے ہمارے خلاف الیکشن لڑنا ہے انہیں تنقید کا پورا حق ہے، گزشتہ پونے چار سال اپوزیشن کو کہا گیا چھوڑوں گا نہیں، اس ماحول میں ہمیں داخل نہیں ہونا چاہئے،  پارٹی سروے کے مطابق ہماری الیکشن میں پوزیشن بہتر ہے۔ لیگی رہنما نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف جھوٹے کیسز پر انہیں سرخرو ہونا چاہئے، اگر کوئی کیسز میں رکاوٹ بنتی ہے تو اسے دور کریں گے، نواز شریف نےجو وعدے کئے انہیں پورا کریں گے۔