شہباز شریف کو سیاسی انتقام کی خاطر اس جھوٹے مقدمے میں ملوث کیا گیا: مریم اورنگزیب

11-18-2023

(لاہور نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ جھوٹے مقدمات میں بے گناہی شہباز شریف کے صبر کا انعام ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے آشیانہ اقبال ریفرنس میں شہباز شریف کی بریت پر اظہار تشکر کیا، انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے شہباز شریف کو جھوٹے مقدمے میں عزت سے سرخرو فرمایا، شہباز شریف کی بے گناہی پر پورے پاکستان، پارٹی قیادت اور کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہباز شریف کو سیاسی انتقام کی خاطر اس جھوٹے مقدمے میں ملوث کیا گیا تھا، شہباز شریف کو بے گناہ ہونے کے باوجود جیل اور عقوبت خانوں میں بند رکھا گیا، صاف پانی میں بلا کر آشیانہ کیس میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔ ن لیگ کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ الحمدللہ عوام کو پتہ چل رہا ہے کہ کس طرح شہباز شریف کو گرفتار کرنے کے لئے جھوٹے مقدمات بنائے گئے، جھوٹے مقدمات بنا کر ملک اور عوام کا وقت اور پیسہ ضائع کیا گیا، احتساب کے نام پر انتقام لیا گیا، شہباز شریف نے پنجاب کی خدمت کی اور ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا۔ مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ ملک اور برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی سمیت ہر عدالت سے شہباز شریف کی بے گناہی کی گواہی آئی، وزیراعظم ہاؤس میں بیرونِ ملک سے صحافیوں کو بلا کر، چیئرمین نیب کو بلیک میل کر کے جھوٹے مقدمے بنائے گئے تھے، جھوٹے مقدمے بنا کر تہمتیں اور الزامات لگائے گئے۔