شہر لاہور کو کمرشل سرگرمیوں کا ہب بنانے کا منصوبہ

11-18-2023

(لاہور نیوز) شہر لاہور کو کمرشل سرگرمیوں کا ہب بنانے کا منصوبہ بنا لیا گیا۔ فیروز پور روڈ پر بھی سی بی ڈی پنجاب کمرشل سرگرمیوں کا آغاز کرے گا۔

شہر لاہور میں بلندوبالا عمارتوں کے لیے سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا گیا۔ اتھارٹی کے زیر انتظام شہر میں چھ ہزار ارب روپے کی معاشی سرگرمیاں شروع کرنے کا پلان بنا لیا گیا۔ کمرشل سرگرمیوں کے فروغ کے لئے والٹن ایئرپورٹ کی اراضی پر تعمیرات کے لئے فرم کا چناؤ کر لیا گیا۔ گلبرگ میں کمرشل سرگرمیوں کے لئے انفراسٹرکچر بھی بچھایا جا رہا ہے۔ فیروز پور روڈ پر واقع ریسکیو کی بلڈنگ پر بھی اب پلازہ تعمیر ہو گا۔ سی بی ڈی پنجاب نے 68 کنال اراضی پر گرینڈ سوق لاہور متعارف کروا دیا۔ گرینڈ سوق میں 350 سے 550 مربع فٹ تک کی دکانیں مالکانہ حقوق پر حاصل کی جا سکیں گی۔ گرینڈ سوق لاہور، دبئی اور ترکی کی سوق کی طرز پر بنایا جائیگا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر کمرشل سی بی ڈی پنجاب محمد عمر نے بتایا کہ مقامی کاروباری برادری کی آسانی کے لئے چار سالہ آسان اقساط کا پلان متعارف کروایا گیا ہے۔ منصوبہ خاص طور پر فیروز پور روڈ، سمن آباد، شادمان اور اچھرہ کے رہائشیوں کو ایک ہی جگہ پر معیاری اشیاء فراہم کرے گا۔ گرینڈ سوق لاہور اپنی جدت کی وجہ سے مقامی تاجروں کے لئے گیم چینجر ثابت ہو گا۔ سی ای او سی بی ڈی پنجاب عمران امین کا کہنا ہے کہ گرینڈ سوق مقامی تاجروں کے لئے انتہائی فائدہ مند ہو گا۔