عوام کو مہنگائی سے ایسے نجات دلائیں گے جیسے لوڈ شیڈنگ سے دلائی تھی: شہباز شریف

11-17-2023

(لاہور نیوز) سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے سابق ارکان قومی اسمبلی اور پارٹی ٹکٹ ہولڈرز نے ملاقات کی۔

سابق ارکان قومی اسمبلی چودھری نور الحسن تنویر، ریاض الحق جج اور ملتان سے پارٹی ٹکٹ ہولڈر مہدی حسن کی پارٹی صدر سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں پارٹی کے تنظیمی امور اور آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں پر بات ہوئی۔ شہباز شریف نے کہا کہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی جیت مہنگائی کے ستائے عوام کی جیت ہو گی، مسلم لیگ (ن) کی جیت پاکستان کی معاشی ترقی کے لئے ناگزیر ہے، پاکستان کی معاشی ترقی اولین ایجنڈا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو مہنگائی سے اسی طرح نجات دلائیں گے جس طرح لوڈ شیڈنگ سے نجات دلائی تھی، جس طرح دہشت گردی اور بد امنی ختم کی تھی، نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کی ترقی کا سنہرا دور شروع ہوگا۔ سابق وزیر اعظم نے پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کارکنان اور رہنما روایتی جذبے اور عزم کے ساتھ الیکشن کی تیاری کریں، اللہ تعالیٰ کے فضل سے کامیابی آپ کی ہو گی۔