دو کنال اراضی کی جعلی عدالتی ڈگری، ملزم کو جیل بھیجنے کا حکم غیر قانونی قرار

11-17-2023

(لاہور نیوز) جعلسازوں نے سول عدالتوں کو بھی نہ چھوڑا ۔ دو کنال اراضی کی جعلی عدالتی ڈگری تیار کرنے کے مقدمے میں سیشن عدالت نے ملزم عظمت علی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کے حکم کو غیر قانونی قرار دے دیا۔

عدالت نے جوڈیشل مجسٹریٹ کو ملزم عظمت علی کے خلاف کیس پر فریقین کے دلائل سننے کے بعد کیس کا فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔ مدعی نے پولیس کو ملزم کا جسمانی ریمانڈ نہ دینے کے جوڈیشل مجسٹریٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی۔ ڈیوٹی ایڈیشنل سیشن جج صائمہ ریاست نے مقدمے پر سماعت کی۔ عدالت نے ملزم کو آج جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ مدعی کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ ملزم نے دو کنال اراضی کی جعلی ڈگری تیار کی۔ ملزم نے عدالت کو دھوکہ دیا اور شہریوں کا حق بھی چھین لیا۔