سموگ تدارک کیس: لاہور ہائیکورٹ کا سائیکلنگ کو فروغ دینے کا مشورہ

11-17-2023

(ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم کا کہنا ہے سائیکلنگ کو فروغ دیں تو لاہوریے 5 ماہ بعد سائیکلوں پر نظر آئیں گے۔

لاہور ہائیکورٹ میں سموگ کے تدارک کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت جسٹس شاہد کریم کی سربراہی میں ہوئی۔ دوران سماعت سرکاری وکیل نے حکومتی سفارشات سے متعلق عدالت کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ریسٹورنٹس جلد بند کرنے، جم وغیرہ بند کرنے کی سفارشات تیار کی ہیں۔ جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیے کچھ سفارشات غیر ضروری ہیں، جم وغیرہ تو کورونا میں بند ہوئے تھے، جس پر سرکاری وکیل نے کہا ابھی سفارشات پر نظرثانی ہو رہی ہے۔ عدالت نے کہا کہ سموگ سے متعلق جتنا کردار فیکٹریوں کا ہے اتنا ہی متعلقہ ادارے کے افسران کا بھی ہے، غفلت برتنے والے افسران کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائیاں کی جائیں۔ لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ بیجنگ میں سموگ ختم کر دی گئی ہے وہ بڑی مثال ہے جبکہ عدالتی معاون نے بتایا کہ بھارتی رپورٹ کے مطابق دیوالی پر سموگ کو کنٹرول کیا گیا۔ جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ بھارت میں بہت زیادہ فصلوں کی باقیات جلائی جاتی ہیں، اگر ہوا بھارت سے پاکستان کی جانب چلے تو وہ تمام اثرات پاکستان میں آئیں گے۔ لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ گھروں میں گاڑیاں دھونے والوں کے خلاف کارروائیاں یقینی بنائیں، ڈولفن فورس والے اور کچھ نہیں کرتے تو گاڑیاں دھونے والوں کی تصویر بنا کر بھیج دیں۔ جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز سموگ سے متعلق آگاہی واک کرکے کہتے ہیں اپنا کردارادا کر دیا، برطانیہ میں ججز آج بھی سائیکلوں پر آتے ہیں، آپ سائیکلنگ کو فروغ دیں، لاہوریے 5 ماہ بعد آپ کو سائیکلوں پر نظر آئیں گے، یہ سب حکومتی ادارے کرسکتے ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ نے سموگ کے تدارک سے متعلق کیس کی سماعت 22 نومبر تک ملتوی کر دی۔