پنجاب بھر میں 220 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق
11-17-2023
(لاہور نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے 36 اضلاع میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 220 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے، رواں سال صوبے میں ڈینگی کے 12ہزارچار سو88 کنفرم مریض رپورٹ ہوئے۔
سیکرٹری صحت علی جان خان کے مطابق لاہور میں گزشتہ روز 106 نئے مریض سامنے آئے ہیں، جس کے بعد رواں سال لاہور میں ڈینگی کے 5518 کنفرم مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ سیکرٹری ہیلتھ لاہور کا بتانا ہے کہ راولپنڈی میں گزشتہ روز 16 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ، اسی طرح گوجرانوالہ میں 40 ، ملتان میں 24 ، فیصل آباد میں 11 نئے ڈینگی مریض رپورٹ ہوئے ۔ شیخو پورہ میں گزشتہ روز 8 نئے ڈینگی مریضوں کی تصدیق ہوئی جبکہ ساہیوال میں تین نئے مریض رپورٹ ہوئے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران اوکاڑہ، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں ڈینگی کے دو دو نئے مریض رپورٹ ہوئے جبکہ نارووال، سرگودھا، سیالکوٹ، گجرات، لودھراں اور لیّہ میں ڈینگی کا ایک ایک نیا مریض سامنے آیا۔ سیکرٹری ہیلتھ پنجاب کے مطابق صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 163 مریض زیر علاج ہیں ، ضلع لاہور کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 98 مریض زیر علاج ہیں ،ڈینگی سے بچنے کے لئے شہری اپنے ماحول کو صاف اور خشک رکھیں ، ڈینگی کی روک تھام کے لئے شہری محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کریں۔