ڈیفنس کار حادثہ، وزیراعلیٰ محسن نقوی لواحقین کے گھر پہنچ گئے

11-17-2023

(ویب ڈیسک) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ڈیفنس کے علاقے میں مبینہ حادثے کی متاثرہ فیملی کے گھر جاکر ان سے تعزیت کی اور کہا ہے کہ یہ ٹریفک حادثہ نہیں، قتل ہے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی ڈی ایچ اے میں کار حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت کیلئے ان کے گھر پہنچ گئے، جہاں انہوں نے کہا ذمہ داران کو سخت سزا دلائیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس نے واقعہ کے تمام شواہد اکٹھے کرلئے ہیں، یہ ٹریفک حادثہ نہیں قتل کی سنگین واردات ہے۔ پولیس نے ملزم افنان کے متاثرہ فیملی سے جھگڑے کے ثبوت ملنے کا دعویٰ کرتے ہوئے مقدمے میں دہشتگردی اور قتل کی دفعات شامل کردیں۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن عمران کشور کا کہنا تھا کہ اب تک کی تفتیش میں دانستہ طور پر گاڑی کی ٹکر کے شواہد سامنے آئے ہیں۔ مدعی مقدمہ نے کہا کہ ملزم افنان وائے بلاک سے پیچھا کرتا ہوا آیا اور گاڑی میں بیٹھی خواتین کو آوازیں کستا رہا اور منع کرنے پر دھمکیوں پر اتر آیا۔  سربراہ متاثرہ خاندان رفاقت علی کا کہنا ہے کہ جائے حادثہ پر انتہائی تیز رفتاری سے گاڑی کو ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں ان کے 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔ دوسری جانب ناقص تفتیش پر مقدمے کے دو تفتیشی افسران کو معطل کردیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے قتل کے شواہد اکٹھے کرلئے ہیں،  ذمہ دار کو سخت سزا دلوانے کیلئے چالان مرتب کیا جائے گا۔ مقدمے میں گرفتار ملزم افنان نے قانونی تحفظ کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔ درخواست میں نگران وزیراعلیٰ، سی سی پی او لاہور سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔