کبھی کسی سے یک طرفہ محبت نہیں ہوئی: بہروز سبزواری
11-17-2023
لاہور: (فہیم حیدر) پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار بہروز سبزواری نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں کبھی کسی سے یک طرفہ محبت نہیں ہوئی۔
سینئر اداکار بہروز سبزواری نے حال ہی میں دنیا نیوز کے مقبول ترین کامیڈی شو "مذاق رات" میں شرکت کی جہاں انہوں نے کیریئر، نجی زندگی سمیت مختلف موضوعات پر کھل کر بات کی۔ بہروز سبزواری نے محبت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کبھی کسی سے یک طرفہ محبت نہیں ہوئی اور نہ ہی ان سے کسی کو محبت ہوئی اور ساتھ ہی کہا کہ اگر کسی کو ان سے یک طرفہ محبت ہوئی بھی ہوگی تو مذکورہ شخص نے انہیں اس کا پتا نہیں لگنے دیا۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں انکشاف کیا کہ خدا کی بستی کے بعد جب وہ لڑکپن سے جوانی میں داخل ہو رہے تھے تو وہ ٹی وی کی متعدد اداکاراؤں پر فدا تھے، کئی اداکارائیں ان کا "کرش" تھیں، تاہم میں نے کبھی کسی اداکارہ کو یہ پتا نہیں لگنے دیا کہ وہ انہیں پسند کرتے ہیں۔ سینئر اداکار نے مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ حیران کن طور پر جن اداکاراؤں پر وہ فدا تھے ان میں سے زیادہ تر اداکارائیں بعدازاں ڈراموں میں ان کی ماں کے روپ میں جلوہ گر ہوئیں۔ کیریئر کی شروعات پر بات کرتے ہوئے اداکار نے بتایا کہ انہوں نے پہلی بار 1968 میں نوعمر بچوں کے پروگرام میں پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کراچی سینٹر سے پروگرام کیا، اس وقت سندھ میں پی ٹی وی سینٹر کا آغاز ہوا تھا۔ ان کے مطابق ٹی وی کے سینئر پروڈیوسر ان کے محلے دار تھے جو ان سمیت ایک درجن سے زائد بچوں کو پروگرام کے لیے لے گئے، مذکورہ شو میں شرکت کے بعد ان کا ٹی وی سے سلسلہ جڑ گیا اور انہوں نے مسلسل اداکاری کی اور اب انہیں شوبز میں آئے ہوئے نصف صدی گزر چکی۔ بہروز سبزواری نے سینما انڈسٹری کے زوال پذیر ہونے پر بھی بات کی اور بتایا کہ جب کوئی پروڈیوسر فلم بنانے کے لیے آتا تو اداکار دو دو سال تک انہیں وقت نہیں دیتے تھے اور ان سے خرچہ کرواتے رہتے تھے، ایسی بہت ساری غلطیاں انڈسٹری کے زوال کا سبب بنیں۔ انہوں نے بتایا کہ سینما انڈسٹری میں تکنیکی کام کرنے والے زیادہ تر افراد کو دوسرا کام آتا ہی نہیں تھا اور انڈسٹری کے زوال پذیر ہونے سے وہ بھی بے روزگار ہو گئے۔ بیٹے اور پوتیوں سے متعلق پوچھے گئے سوال پر بہروز سبزواری نے کہا کہ زائد العمر افراد کے لیے پوتے اور پوتیاں ملٹی وٹامنز کا کام کرتے ہیں اور ان کے لیے بیٹے شہروز سبزواری کی دونوں بیٹیاں ملٹی وٹامنز ہیں۔