پولیس ملازمین کے بچوں کی تعلیم پر 85 کروڑ روپے خرچ کریں گے، آئی جی پنجاب
11-16-2023
(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے پولیس ملازمین کے بچوں کی تعلیم پر رواں سال 85 کروڑ روپے، اگلے سال 100 کروڑ روپے سکالرشپ کی مد میں خرچ کریں گے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور پولیس شہداء کے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر کیلئے سرگرم عمل ہیں۔ فرض کی راہ میں جان قربان کرنیوالے ایک اور پولیس جوان کی فیملی کو گھر دے دیا۔ شہید کانسٹیبل نوید حنیف کے اہل خانہ کو ایک کروڑ 35 لاکھ روپے مالیت کا گھر دیا گیا۔ شہید کانسٹیبل نے رواں برس تھانہ مناواں کے علاقے میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جام شہادت نوش کیا تھا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا شہید کانسٹیبل نوید حنیف نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر ڈاکوؤں کا بہادری سے مقابلہ کیا، پنجاب پولیس شہید کانسٹیبل نوید حنیف جیسے 1600 سے زائد بہادر شہداء کی امین فورس ہے۔ آئی جی پنجاب عثمان انور کی پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ بھی آمد ہوئی جہاں انہوں نے زیر تربیت پولیس افسران اور اہلکاروں سے خطاب کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا پنجاب پولیس کو دہشت گردی کے چیلنجز کا سامنا ہے، ملک دشمن قوتوں کو دوبارہ سر اٹھانے نہیں دیں گے، پولیس کالجز اور سکولز میں ماڈرن پولیسنگ اور سہولیات کے مطابق ٹریننگ نصاب کو اپ گریڈ کیا گیا ہے، رواں سال شہداء اور ڈیتھ ان سروس کلیم کے تحت 1500 ملازمین کے بچوں کو محکمہ میں ملازمت دی گئی۔ آئی جی پنجاب نے کہا رواں سال فورس کی ہیلتھ ویلفیئر پر 250 کروڑ روپے، اگلے سال 350 کروڑ روپے خرچ کریں گے، انہوں نے سپورٹس و تعمیری سرگرمیوں میں بہترین کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں کے لئے 25 لاکھ روپے انعام کا اعلان بھی کیا۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی طرف سے پاسبان کی سمری منظوری کے بعد جلد ہی 5 ہزار نئی پروموشنز ہونگی۔