حج اخراجات میں ایک لاکھ روپے کی کمی، پالیسی منظور

11-16-2023

(لاہور نیوز) رواں سال حج کیلئے جانے والے عازمین کیلئے حج پیکیج میں بڑی کمی کر دی گئی۔

اس حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر انیق احمد کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ نے نئی حج پالیسی منظور کر لی ہے، رواں برس حج اخراجات میں ایک لاکھ روپے کی کمی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کبھی ایسا نہیں ہوا کہ آنے والا حج پچھلے حج سے سستا ہو، پاکستان میں آنے والا حج گزشتہ حج سے سستا ہوگا، ہم حج پیکیج 10 لاکھ 75 ہزار روپے کا دے رہے ہیں، گزشتہ سال حج 11 لاکھ 75 ہزار روپے کا تھا، حج پیکیج میں 1 لاکھ روپے کمی کی ہے۔ انیق احمد کا کہنا تھا کہ حج 2024 ڈیجیٹلائزڈ ہوگا، ہم تمام 90 ہزار عازمین حج کو ایک ایک سوٹ کیس دیں گے، اس سوٹ کیس میں کیو آر کوڈ لگے گا اب حاجی جدید ایپ کے ذریعے گم نہیں ہو سکے گا، ہر حاجی کو موبائل کے استعمال کیلئے 7 جی بی ڈیٹا بھی دیا جائے گا، 40 روز تک ہر حاجی ایسے ہی موبائل استعمال کرے گا جیسے پاکستان میں کرتا ہے، ایک موبائل کمپنی سے بات کر لی ہے، اگر نیٹ کام نہیں کرے گا تب بھی ایپ چلے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے ملک کی حاجی خواتین ملک کی نمائندہ ہیں، ہم حج کرنے والی خواتین کو عبایا بھی فراہم کریں گے، عبایا کے پیچھے پاکستان کا پرچم بنا ہوا ہے، حج پالیسی 2024 پر تین ماہ کام کیا، چاہتے تھے کہ ہم حجاج کی دعائیں لیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اس سلسلے میں ہر قدم پر ہماری رہنمائی کی، سعودی حکومت نے بھی بھرپور تعاون کیا، کل یہ پالیسی کابینہ سے منظور ہوچکی ہے، فواد حسن فواد کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہیں، حج کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، ہم نے ٹرانسپورٹ اور ہوٹلز کا بھی معائنہ کر لیا ہے۔ نگران وفاقی وزیر انیق احمد کا مزید کہنا تھا کہ چاہتے ہیں ایئر ٹکٹ سستا ہو اس سلسلے میں ہماری میٹنگ جاری ہے۔