انجری کا شکار فاسٹ باؤلر نسیم شاہ دورہ آسٹریلیا سے باہر ہو گئے
11-16-2023
(ویب ڈیسک) انجری کا شکار قومی فاسٹ باؤلر نسیم شاہ ورلڈکپ کے بعد دورہ آسٹریلیا سے بھی باہر ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق کندھے کی انجری کے بعد وہ تیزی سے روبصحت ضرور ہیں تاہم ابھی تک انہوں نے باؤلنگ شروع نہیں کی، نسیم شاہ کو 6 ہفتوں کا آرام تجویز کیا گیا تھا جس کی تکمیل کے بعد انہوں نے ہلکی پھلکی مشقوں کا آغاز کر دیا ہے تاہم باؤلنگ شروع کرنے میں ابھی مزید وقت لگے گا۔نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز تک ان کے 100 فیصد فٹ ہونے کے امکانات ہیں۔ 22 سالہ نسیم شاہ ایشیا کپ کے دوران انجرڈ ہوئے تھے، ورلڈکپ میں ان کی عدم موجودگی کو پاکستان ٹیم کے لیے بڑا نقصان قرار دیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آغاز 14 دسمبر سے ہونا ہے جس میں قومی ٹیم شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، وسیم جونیئر اور حسن علی پر انحصار کرے گی، ڈومیسٹک کرکٹ کے ٹاپ وکٹ ٹیکر فاسٹ باؤلر خرم شہزاد کو بھی آسٹریلیا میں آزمایا جاسکتا ہے۔ خرم شہزاد نے 8 میچز میں 36 کھلاڑیوں کو شکار کیا ہے جس میں ایک بار 5 وکٹیں بھی شامل ہیں، قائداعظم ٹرافی کے 7 میچز میں 847 رنز بنا کر ٹاپ کرنے والے صاحبزادہ فرحان کو بھی آسٹریلیا کا ٹکٹ ملے گا، سابق کپتان سرفراز احمد بھی ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل ہوں گے۔ دوسری طرف قومی کرکٹرز کی اکثریت پاکستان میں تربیتی کیمپ لگانے کے حق میں نہیں، ان کا موقف ہے کہ آسٹریلیا روانگی 2 دسمبر کے بجائے 29 یا 30 نومبر کو رکھ کر وہاں کیمپ لگانا زیادہ مفید ہو گا۔