پنجاب میں ڈینگی بے قابو، 223 نئے کیسز رپورٹ
11-16-2023
(لاہور نیوز) لاہور سمیت پنجاب بھر میں ڈینگی کے وار جاری ہیں ، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے مزید 223 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
سیکرٹر ی ہیلتھ علی جان خان کے مطابق رواں سال پنجاب کے 36 اضلاع میں ڈینگی کے 12ہزار 268 کنفرم مریض رپورٹ ہوئے ہیں ، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبائی دارالحکومت میں 95 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ حکام محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی میں18 ،ملتان میں37 ،گوجرانوالہ میں28 اور فیصل آباد میں 20 نئے ڈینگی مریض سامنے آئے ہیں۔ اسی طرح شیخوپورہ میں 8 ، سرگودھا میں 3، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ میں 2،2 مریض ڈینگی وائرس کا شکار ہوئے ، قصور، ساہیوال، سیالکوٹ، چکوال، گجرات، رحیم یار خان، وہاڑی، جھنگ، پاکپتن اور راجن پور میں ڈینگی کا ایک ایک نیا کیس رپورٹ ہوا ہے ۔ محکمہ صحت کےحکام نے بتایا ہے کہ پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 173 مریض زیر علاج ہیں جن میں لاہور کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 80 مریض داخل ہیں۔ حکام کاکہنا ہے کہ ڈینگی سے بچنے کے لئے شہری اپنے ماحول کو صاف اور خشک رکھیں، ڈینگی کی روک تھام کے لئے شہری محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کریں ، ڈینگی بخار کے علاج ، معلومات یا شکایات کے لئے محکمہ صحت کی فری ہیلپ لائن 1033 پر رابطہ کریں۔