وزیراعلیٰ پنجاب کا کیولری اور گھوڑا چوک پراجیکٹس کا دورہ،تعمیراتی کاموں کا جائزہ
11-16-2023
(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے کیولری انڈر پاس اور گھوڑا چوک فلائی اوور پراجیکٹس کا دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی کی کوششوں سے شہر کے دو او ر ترقیاتی منصوبے تکمیل کے قریب پہنچ گئے،کیولری گراؤنڈ انڈرپاس 25 نومبراور گھوڑا چوک فلائی اوور 7 دسمبر کو مکمل ہو گا۔ وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے صوبائی وزرا عامر میر، بلال افضل اور ابراہیم حسن مراد کے ہمراہ علی الصبح کیولری انڈر پاس اور گھوڑا چوک فلائی اوور پراجیکٹس کا دورہ کیا، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے گھوڑا چوک سے کیولری گراؤنڈ تک سوا کلو میٹر پیدل چل کر دونوں پراجیکٹس کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا،محسن نقوی نے بھاری گرڈر انڈرپاس کی چھت پر رکھنے کے عمل کا مشاہدہ کیا اور دونوں پراجیکٹس کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔ کمشنر لاہورڈویژن و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا،چیف انجینئر ایل ڈی اے اورکنٹریکٹر نے کیولری انڈر پاس پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی، سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمران امین نے گھوڑا چوک فلائی اوور منصوبے کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ بریفنگ میں وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ گھوڑا چوک فلائی اوور کی شٹرنگ، سٹیل فکسنگ کے ساتھ 75 فیصد کام مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ کیولری انڈر پاس میں اسفالٹ کا کام شروع کیا گیا ہے، گھوڑا چوک فلائی اوور تین لینز پر مشتمل ہے،منصوبے کی تمام پائلز ، پائل کیپس، تمام پئیز مکمل ہیں ۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سائٹس پر باقاعدگی سے پانی کا چھڑکاؤ کیا جائے، منصوبوں کی تکمیل سے سنٹر پوائنٹ گلبرگ سے گھوڑا چوک ڈیفنس موڑ تک سگنل فری کوریڈور مکمل ہوجائے گا،گلبرگ، کلمہ چوک، سی بی ڈی، کینٹ، کیولری گراؤنڈ، ڈی ایچ اے اوروالٹن میں رہنے والے شہری منصوبے سے مستفید ہو ں گے۔ سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ، کمشنر محمد علی رندھاوا، ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر، چیف انجینئر ایل ڈی اے، ڈی جی پی ایچ اے،سی بی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ٹیکنیکل ، ڈائریکٹر پراجیکٹ مینجمنٹ ،ڈائریکٹر کنسٹرکشن ، ٹیکنیکل ٹیم اور کنٹریکٹر بھی اس موقع پر موجود تھے۔