سٹرابیری کا باقاعدہ استعمال کس خطرناک بیماری سے بچا سکتا ہے؟جانئے
11-15-2023
(ویب ڈیسک)ماہرین نے کہا ہے کہ سٹرابیری کا باقاعدہ استعمال کرنے سے ڈیمینشیاکی بیماری میں مبتلا ہونے کے خطرے سے بچا جا سکتا ہے۔
محققین کی جانب سے کی جانے والی تحقیق بلیو بیری، بلیک بیری اور دیگر بیری پر مبنی ہے جس میں ان تمام بیریوں اور ڈیمینشیا کے خطرات میں کمی کے متعلق بتایا گیا ہے،تحقیق میں محققین نے وزن میں زیادتی کے مسئلے سے دوچار شرکا جنہیں دماغی کارکردگی میں مسائل کی شکایت تھی کا معائنہ کیا۔ نصف افراد کو کسی بھی قسم کی بیری کھانے سے روکا گیا جبکہ دوسرے نصف کو روزانہ ایک کپ کے برابر سٹرابیری پاؤڈر کھلایا گیا۔ نتائج میں دیکھا گیا کہ وہ افراد جنہوں نے سٹرابیری کا پاؤڈر کھایا تھا 12 ہفتوں بعد الفاظ کی فہرست کو یاد رکھنے والے ایک امتحان میں ان کی کارکردگی بہتر تھی۔بلیو بیری اور سٹرابیری کے اندر اینتھوسایانِنس نامی ایک اینٹی آکسیڈنٹ ہوتا ہے جو ڈیمینشیا کا سبب بنے والے غیر مستحکم سالموں سے لڑتا ہے۔ تحقیق کے سربراہ کے مطابق اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ وہ افراد جو باقاعدگی سے سٹرابیری یا بلیو بیری کھاتے ہیں عمر بڑھنے کے ساتھ ان کی دماغی کارکردگی میں تنزلی سست ہوتی ہے۔