پی ڈی ایم کی حکومت کے 16 ماہ میں معیشت کا بیڑہ غرق ہو گیا، سراج الحق
11-15-2023
(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ پی ڈی ایم کی حکومت کے 16 ماہ میں معیشت کا بیڑہ غرق ہو گیا، حالات کے ذمہ دار ایک دفعہ پھر اپنے آپ کو مسیحا بنا کر پیش کر رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ معاشی بحران میں اضافہ کے باعث قومی اداروں پر فار سیل کے بورڈ آویزاں ہو رہے ہیں، مہنگائی کے باعث زندگی گزارنا مشکل، عوام کے لیے جسم و جان کا رشتہ بحال رکھنا محال ہو گیا۔ سراج الحق نے کہا کہ گیس، بجلی کے بل غریبوں کے لیے موت کے پروانے ہیں، پی ٹی آئی دور میں مہنگائی میں اضافہ ہوتا تو پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی والے جلوس نکالتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ملک پر برسہا برس سے مسلط حکمران آئندہ بھی اقتدار میں آئے تو بہتری نہیں آئے گی، قوم ایماندار قیادت آگے لائے، جماعت اسلامی ان کے پاس بہترین آپشن ہے۔