ورلڈ سکس ریڈ سنوکر چیمپئن شپ:پاکستانی پلیئر احسن رمضان نے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی

11-15-2023

(لاہور نیوز) پاکستانی سنوکر پلیئر احسن رمضان نے بڑا کارنامہ انجام دیتے ہوئے انٹرنیشنل بلیئرڈ اینڈ سنوکر 6 ریڈ بال ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔

قطر میں جاری انٹرنیشنل بلیئرڈ اینڈ سنوکر 6 ریڈ بال ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ کے ٹاپ فور میں شامل ہونے کے سبب وہ کانسی کے تمغے کے حقدار بھی ہو گئے ہیں، ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں پاکستان کے احسن رمضان کا مقابلہ بحرین کے حبیب صباح سے تھا۔ بیسٹ آف نائن کے مقابلے میں احسن رمضان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف کو دو کے مقابلے میں پانچ فریم سے زیر کیا اور ایونٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی، اس سے قبل احسن رمضان نے پری کوارٹر فائنل میں بھارت کے معروف کیوسٹ پنکج ایڈوانی کو پانچ صفر سے مات دی تھی۔ پنکج ایڈوانی نے آئی بی ایس اور بلیئرڈ چیمپئن کا ٹائٹل 25 مرتبہ اپنے نام کیا ہے، بھارتی کھلاڑی کو شکست کے بعد احسن رمضان نے ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔