شہر لاہور میں سموگ کی اوسط شرح 234 ریکارڈ

11-15-2023

(لاہور نیوز) بارش کے باعث کم ہوئی سموگ میں ایک بار پھر سے اضافہ ہونے لگا۔ شہر میں سموگ کی اوسط شرح 234 ریکارڈ کی گئی۔

شہر میں سموگ کے سائے پھر سے گہرے ہونے لگے۔ سموگ ایمرجنسی، سمارٹ لاک ڈاؤن سبھی ناکام ہوتے دکھائی دینے لگے۔ شہر کی فضاء میں تاحال سانس لینا دشوار ہو گیا۔ کم سے کم درجہ حرارت 16 جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں تاحال بارش برسنے کا کوئی امکان نہیں۔ فضائی آلودگی کے اعتبار سے دنیا میں لاہور کا دوسرا نمبر برقرار ہے۔ شہر میں سموگ کی اوسط شرح 234 ریکارڈ کی گئی۔ مال روڈ کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 300 ، عامر ٹاؤن میں 255 ریکارڈ کی گئی۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سموگ کی روک تھام کے لیے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور فیکٹریوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ ٹینکرز کی مدد سے شہر کی اہم شاہراہوں پر پانی کا چھڑکاؤ بھی کیا جا رہا ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ بڑھتی فضائی آلودگی بچوں، بوڑھوں ، پھیپھڑوں اور دل کی بیماری میں مبتلا افراد کے لیے خطرناک ثابت ہو رہی ہے۔ گھروں سے باہر نکلتے ہوئے ماسک اور عینک کا استعمال لازمی کریں۔