گھریلو گیس کنکشنز پر پابندی برقرار، لاکھوں درخواستیں زیر التوا
11-15-2023
(لاہور نیوز) گھریلو گیس کنکشنز پر پابندی کے باعث سوئی ناردرن گیس کمپنی میں نئے کنکشنز کے لیے زیر التوا درخواستوں کی تعداد 40 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔
ذرائع کے مطابق سوئی گیس کے نئے کنکشنز پر پابندی کو دو سال سے زائد عرصہ گزر گیا، سابقہ حکومت کی جانب سے گیس کنکشنز پر پابندی عائد کی گئی تھی ہزاروں صارفین نے ڈیمانڈ نوٹسز ادا کئے مگر اس کے باوجود کنکشنز نہی لگ رہے، صارفین دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سوئی ناردرن گیس کمپنی کی جانب سے نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے آر ایل این جی پر کنکشنز پاس کئے جارہے ہیں مگر لگائے نہیں جارہے، گھریلو گیس کنکشنز کی بجائے سوئی ناردرن کی جانب سے ایل پی جی سلنڈر فراہم کئے جارہے ہیں۔ ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ ڈیمانڈ نوٹسز کی مد میں وصول کیے گئے صارفین کے کروڑوں روپے نہ واپس کیے جارہے ہیں نہ ہی گیس کنکشنز فراہم کئے جارہے ہیں،کمپنی کی جانب سے نئے گھریلو گیس کنکشنز پر پابندی برقرار رکھی جائے گی۔