اے این ایف کی ایئرپورٹ پر مختلف کارروائیاں، 2مسافرمنشیات سمیت گرفتار

11-15-2023

(لاہور نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے مختلف کارروائیوں میں دو مسافروں کو منشیات سمیت گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق دوران تلاشی اے این ایف حکام نے دو مسافروں سے ہیروئن اور آئس کی بڑی مقدار قبضے میں لے لی۔ حکام کا کہنا ہے کہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافر کے پیٹ سے 79 ہیروئین بھرے کیپسولز برآمد ہوئے،ساہیوال کا رہائشی غیر ملکی پروازکے ذریعے بحرین کے لئے روانہ ہو رہا تھا،دوران اسکریننگ مسافر کے پیٹ سے منشیات بھرے کیپسول برآمد ہوئے۔ دوسری کارروائی میں اے این ایف حکام نے قطر آئس کی اسمگلنگ کرنے والے مسافر کو گرفتار کر لیا،مسافر غیر ملکی پرواز سے دوحہ جا رہا تھا،دوران تلاشی بہاولنگر کے رہائشی مسافر کے بیگ سے 1 کلو 532 گرام آئس برآمد ہوئی۔ اے این ایف حکام نے منشیات قبضے میں لیکر دونوں مسافروں کو گرفتار کر کے  مقدمہ درج کرلیا۔