سرکاری افسران کیلئے 'صاحب' کا لفظ استعمال کرنے پر پابندی عائد
11-15-2023
(ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے سرکاری افسران کے لیے "صاحب" کے لفظ کے استعمال پر پابندی لگادی۔
سپریم کورٹ میں مردان میں 9 سالہ بچے کے قتل کیس کے ملزم کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے سماعت کی۔ عدالت میں ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کے پی نے کہا کہ کیس کی تفصیلات ڈی ایس پی صاحب بتا سکتے ہیں۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نےشدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے صاحب صاحب کہہ کر سب کا دماغ خراب کردیا ہے، یہ ڈی ایس پی ہے، صاحب نہیں، یہ نالائق ڈی ایس پی ہے، یہ معیار ہے آپ کی تفتیش اور تحقیقات کا۔ اس حوالے سے سپریم کورٹ کی جانب سے کہا گیا کہ صاحب کے لفظ کا استعمال کسی آزاد قوم کی عکاسی نہیں کرتا، سرکاری ملازم صاحب کے لفظ سے خود کو احتساب سے بالا تصور کرتے ہیں، فیصلے کی کاپی آئی جی اور ایڈووکیٹ جنرل کے پی اور ہوم ڈیپارٹمنٹ کے پی کو بھیجی جائے۔ بعدازاں سپریم کورٹ آف پاکستان نے بچے کے قتل کیس کے ملزم کی ضمانت منظور کر لی۔