دوبارہ موقع ملا تونوازشریف بلوچستان کے تمام مسائل حل کرینگے: شہبازشریف

11-15-2023

(لاہور نیوز) سابق وزیراعظم اور صدرمسلم لیگ ن شہبازشریف نے کہا ہے کہ انشااللہ اب اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو میاں نواز شریف بلوچستان کی ترقی میں حائل تمام مسائل کو حل کریں گے۔

سابق وزیراعظم اور صدرمسلم لیگ ن شہبازشریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ (ایکس ) پر ایک بیان میں کہا کہ قائد میاں نواز شریف نے وطن واپس تشریف لانے کے بعد اپنے سیاسی سفر کا آغاز کوئٹہ، بلوچستان سے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  بلوچستان اور پاکستان کیلئے یہ ایک پرمسرت موقع ہے جب بلوچستان سے کئی سیاسی قد آور اور محترم شخصیات نے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی۔ صدر مسلم لیگ ن  نے کہا کہ بلوچستان میں سڑکوں کا جال پھیلانے، گوادر پورٹ بنانے اور سی پیک کو یہاں لانے کے لیے بے پناہ کوششیں کرنے والے شخص کا نام محمد نواز شریف ہے۔   — Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) November 15, 2023 شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ہماری گزشتہ حکومت نے گوادر میں بند پڑے کئی منصوبوں کو دوبارہ شروع کیا تھا جن کا آغاز میاں نواز شریف نے بطور وزیراعظم 15-2014 میں کیا تھا، انشااللہ اب اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو میاں نواز شریف بلوچستان کی ترقی میں حائل تمام مسائل کو حل کریں گے اور ہم سب ان کی ٹیم کے طور پر ترقی کے اس سفر کو مل کر آگے بڑھائیں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق اراکین قومی اسمبلی اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان سمیت 30 سے زائد سیاسی شخصیات نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کیاتھا ۔